اسلام آباد: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے فون پر رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے فون پر رابطہ کیا اور نتیجہ خیز پاک امریکا شراکت داری کا اعادہ کیا، بلنکن نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی امریکا کی اولین ترجیح ہے۔
انھوں نے کہا امریکا تکنیکی، ترقیاتی اقدامات، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔ انھوں نے عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے پروگرام کی منظوری کا بھی خیر مقدم کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستانی عوام نے دہشت گرد حملوں سے زبردست نقصان اٹھایا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے یوکرین روس جنگ کے غیر مستحکم اثرات کے ساتھ ساتھ پرامن اور مستحکم افغانستان میں امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔