بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

بلڈ پریشر کے مریضوں کو کرونا وائرس سے سخت خطرہ

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض: سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے کرونا وائرس زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے لہٰذا فشار خون کے مریض سخت احتیاط کریں۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے کرونا وائرس بے حد خطرناک ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ریاض میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بلڈ پریشر کا مرض ان امراض میں سے ایک ہے جو کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے خطرہ ہے۔

- Advertisement -

ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا کا مرض لگنے کی صورت میں بلڈ پریشر کے مریضوں میں علامتیں شدت اختیار کر جاتی ہیں، بلڈ پریشر کے مریض نزاکت کو سمجھیں اور وزارت صحت کی ہدایات کی سختی سے پابندی کریں۔

انہوں نے بلڈ پریشر کے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ مقررہ دواؤں کی پابندی کریں، تناؤ والی سرگرمیوں اور باتوں سے دور رہیں اور اطمینان کے لیے بلڈ پریشر چیک کرتے رہیں۔

ترجمان کے مطابق بلڈ پریشر کے مریض صحت بخش خوراک کی پابندی کریں، انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے نہ نکلیں اور کرونا وائرس کی علامتیں نمودار ہوتے ہی صحت حکام سے فوری رابطہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہوجانے پر اس سے نمٹنا آسان ہوتا ہے، لہٰذا اس سلسلے میں لاپروائی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں