لسبیلہ : صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی کان میں پھنسے دو چینی انجینئرز کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ ایک کان کن کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کےمطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں کنراج کی کان میں پھنسے دو انجینئرزکی لاشیں 27روز بعد نکال لی گئیں۔دونوں انجینئرز کی لاشوں کو ایف سی اور پولیس کی سیکورٹی میں ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا جبکہ محنت کش محمد انور جاموٹ کی تلاش کاکام جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 24 ستمبر کو کان میں لفٹ گرنے سے چار چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی الیکٹریشن کان کے اندر کافی گہرائی میں جاگرے تھے۔
کان میں گرنے والےدو چینی انجینئرز شافٹ تک پہنچنے میں کامیاب رہے اور سیڑھیوں کے ذریعے اوپر آگئے تھےلیکن دو چینی انجینئرز اور ایک پاکستانی محمد انور کان کے اندر ہی پھنس گئے تھے۔
مزید پڑھیں: ہری پور : ٹی فور منصوبے کی شٹرنگ گرنے سے 3چینی انجینئرز ہلاک
یاد رہے کہ کہ رواں سال جولائی میں ٹی فور منصوبے پر کام کرنے والے افراد پر شٹرنگ گرنے سے تین چینی انجینئرز ہلاک اور بیس افراد زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف مائنز کے حکام کاکہناہے کہ دو چینی انجینئرز پاکستانی مزدور کو بچانے کے لیے اندر گئے تھے لیکن وہ خود بھی پھنس گئے۔