کراچی : نیوکراچی قبرستان سے 7 سالہ بچے کی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ایف آئی آر میں فائنل دفعہ شامل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیوکراچی قبرستان سے 7 سالہ بچے کی لاش ملنے کے معاملے پر پولیس نے نیو کراچی تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمہ ان پرسن ٹریفکنگ اور دیگر دفعات کے تحت درج ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ایف آئی آر میں فائنل دفعہ شامل ہوگی، ابتدائی پوسٹ مارٹم میں بھی بچے کا گلہ دبنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بظاہر لگتا ہے بچے سے زیادتی کی گئی ہے، تصدیق ہونے پر اغواء ، زیادتی اور قتل کی دفعات شامل کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق لاش کی شناخت عبدالرحمان کینام سے ہوئی تھی، بچے کی لاش قبر کے قریب پڑی ہوئی ملی تھی، بچے کا ٹراوزر اتار کر اسی کو گلے میں لپیٹا گیا اور ٹراوزر سے گلہ دباکر قتل کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ بچے کی لاش کوپوسٹ مارٹم کے بعد سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے مقتول عبدالرحمان گزشتہ روزسے لاپتہ تھا، بچہ نیوکراچی سیکٹر11ڈی کا رہائشی تھا۔