بڑھتی عمر کے ساتھ اس کے اثرات سب سے پہلے چہرے کی جلد پر پڑنا شروع ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں چہرے پر جھریاں یا آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے پڑنا عام بات ہے۔
اس پریشانی کا علاج با آسانی گھر بیٹھے بہت کم خرچ میں کیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ہربلسٹ ڈاکٹر ام راحیل نے نہایت آسان اور کم خرچ ٹوٹکہ بتایا۔
انہوں نے کہا کہ جلد کی حفاظت اور دیکھ بھال بہت ضروری ہے کیوں کہ یہ صرف خوب صورتی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس کا صحت کے ساتھ بہت گہرا رشتہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی چیز بھی بیکار نہیں ہم پھلوں اور سبزیوں کے چھلکوں کو بھی کارآمد بنا سکتے ہیں کیونکہ صحت کے حوالے سے ان کی بھی بہت اہمیت اور افادیت ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ام راحیل نے فریج میں موجود پچھلے دنوں کے رکھے باسی چاولوں سے ایک بہترین ٹوٹکا بنانے کی ترکیب بیان کی جس کے استعمال سے آپ کے چہرے اور ہاتھوں کی جلد چکمدار اور نرم و ملائم ہوجائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ابلے ہوئے باسی چاولوں کو ضائع نہ کریں بلکہ انہیں فریج سے نکال کر تھوڑی سی مقدار میں لیں اور اس میں کھٹی دہی یا اس کا کھٹا پانی شامل کرکے ہاتھ سے مسل کر اس کا پیسٹ بنالیں اور اس میں تھوڑا سا شہد بھی شامل کرلیں۔
ڈاکٹر ام راحیل نے بتایا کہ یہ ایک بہترین اور زبردست کریم بن جائے گی اس کو لگانے کا طریقہ یہ ہے کہ اچھی طرح منہ دھو کر اسے چہرے پر مساج کی طرح لگانا ہے، اور 15 سے 20 منٹ بعد سادہ پانی سے دھولیں۔
یہ پیسٹ دن میں لگانے کے بعد سن بلاک لگالیں اور رات کو یہ پیسٹ لگا کر سوجائیں یہ عمل تین سے چار دن کرلیں اور اس کا کمال دیکھیں، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ یہ اسکن کو بالکل اسموتھ اور ہلکے پھلکے روؤیں کو بلیچ کردے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ٹوٹکہ آپ کی جلد کو دُھول اور پھیکے پن سے محفوظ رکھتا ہے اور جلد کو حیران کن حد تک چمکدار بنا دیتا ہے۔
اس کے علاوہ اس کے استعمال سے اسکن کے اندر کا جو موسچرائزر ہے اسے ختم کردے گا، اس سے آپ کی جلد گِلو کرے گی اور لوگ کہیں گے کہ آپ نے گلاس اسکن کا ٹریٹمنٹ کروایا ہے۔