بدھ, جنوری 22, 2025
اشتہار

اسٹیل مل میں بوائلر پھٹنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو، واقعہ چھپانے کی کوشش

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: اسٹیل ٹاؤن کی ایک فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، فیکٹری کی جانب سے واقعہ چھپانے کی کوشش کی گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹیل ٹاؤن قائد اعظم پارک کے قریب نجی اسٹیل مل میں بوائلر پھٹ گیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثے میں فیکٹری سپروائزر سمیت 3 افراد زخمی ہوئے، جنھیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری انتظامیہ کے مطابق واقعہ گزشتہ روز دن کے اوقات میں پیش آیا تھا، فیکٹری میں کام کے دوران بوائلر پھٹنے سے لاوا محنت کشوں پر گرا، زخمیوں میں 40 سالہ احمد کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ زخمی فیکٹری سپروائزر مختار 90 فی صد جھلس چکا ہے۔

- Advertisement -

پولیس نے فیکٹری کے مالک عمران امین اور اسسٹنٹ منیجر کا بیان ریکارڈ کر لیا، حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، غفلت پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ادھر بوائلر پھٹنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں بوائلر پھٹنے کا خوف ناک منظر دیکھا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی مل انتظامیہ نے دوپہر کو پیش آئے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی، حادثے کے فوراً بعد انتظامیہ نے مل کو فوری طور پر بند کر دیا، اور ورکرز کو خاموش رہنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق نجی مل میں لیبر قوانین کی بھی خلاف ورزی کی جا رہی تھی، مل ورکرز کے لیے دوران ڈیوٹی حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے، ابتدائی طور پر علاقہ پولیس بھی نجی اسٹیل مل میں بوائلر پھٹنے کے واقعے سے لاعلم نکلی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں