بھارت نے گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ویرات کوہلی نے کپتان روہت شرما سے کہا کہ میں کہہ رہا ہوں لے لو ریویو اس پر شرما نے جھٹ سے ریویو لے لیا۔
کوہلی اور شرما کی گفتگو اسٹمپڈ کے نیچے رکھے مائیک میں قید ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوزویندر چاہل نے گیند کی تو لیگ سائیڈ پر کیپر کے ہاتھوں میں گئی اور امپائر نے اسے وائیڈ بال قرار دیا۔
لیکن ویرات کوہلی اور کیپر رشبھ پنت کی جانب سے زور دار اپیل کی گئی اس دوران ویرات کوہلی نے روہت شرما سے کہا کہ میں بول رہا ہوں لے ریویو، شرما نے جواباً کہا کہ وہ وائیڈ دے رہا ہے یار۔
— Maqbool (@im_maqbool) February 16, 2022
بہرحال کوہلی کے اصرار کرنے پر روہت شرما نے ریویو لے لیا اور نتیجہ ان کی امیدوں کے برعکس نکل آیا۔
جب تھرڈ امپائر نے اسکرین پر گیند کو دکھایا تو بال بیٹ پر نہیں لگی تھی اور تھرڈ امپائر نے بھی ہر زاویے سے دیکھنے کے بعد ویسٹ انڈین کھلاڑی کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔
ویرات اور روہت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے تبصرے کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔