کراچی سے کوئٹہ جانے والی بولان میل ایکسپریس کو سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث جیکب آباد واپس روانہ کر دیا گیا۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ بولان میل ایکسپریس نوتال اسٹیشن پر روکا گیا جبکہ سکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث ٹرین کو جیکب آباد واپس روانہ کر دیا گیا۔
کوئٹہ کیلیے سوار مسافروں کو واپس ڈیرہ اللہ یار پہنچایا جائے گا۔ واضح رہے کہ بولان میل ایکسپریس سروس کئی روز بندش کے بعد گزشتہ روز ہی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال
11 مارچ 2025 کو بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کر کے اس میں سوار مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی جب مچھ میں بی ایل اے کے دہشتگردوں نے اس پر فائرنگ کر کے اسے روکا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ ٹرین کو بولان پاس کے علاقے ڈھاڈر کے مقام پر ایک ٹنل میں روکا گیا تھا، یہ علاقہ انتہائی دشوار گزار ہونے کے باوجود سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کر کے دہشتگردوں کو ہلاک کیا اور ٹرین کو آزاد کروایا تھا۔
حملے میں ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت 5 بوگیوں کو نقصان پہنچا تھا جبکہ مشکاف میں ریلوے ٹریک کے 382 فٹ حصے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا اور یہ حملہ بیرون ملک بیٹھی قیادت نے کروایا۔ پاکستان نے ایک بار پھر افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگرد گروہوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔