جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

شہریار: مقبول ترین فلمی گیتوں کا گمنام خالق

اشتہار

حیرت انگیز

قسمت کے کھیل بھی عجیب ہیں کبھی کوئی معمولی شخص راتوں رات اپنے کسی کام کی وجہ سے وہ رفعت اور بلندی حاصل کرلیتا ہے جس کی وہ توقع بھی نہیں کرسکتا تھا لیکن کئی لوگ اپنی برسوں کی محنت، ریاضت سے کارنامے انجام دینے کے باوجود گمنام ہی رہتے ہیں۔ شہریار بھی ایسے ہی فلمی نغمہ نگار تھے۔ ان کی شاعری فلم ’امراؤ جان‘ کے ذریعے ہندوستان ہی نہیں بلکہ پورے برصغیر میں مقبول ہوئی۔ لیکن شہریار غیر معروف اور گمنام شاعر رہے۔

بولی ووڈ کی سپر ہٹ ترین فلم امراؤ جان کے شاعر شہریار کے تحریر کردہ تمام گیتوں نے ہندوستان میں دھوم مچا دی تھی۔ مگر بطور شاعر شہریار نے اپنی ناقدری دیکھی۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ وہ ایک سیدھے سادے انسان تھے اور دکھاوا، خوشامد ان میں ہرگز نہیں تھا۔

آج بھی یہ فلمی گیت ہماری سماعتوں کو سحر زدہ کیے ہوئے ہے:
دل چیز کیا آپ میری جان لیجیے
بس ایک بار میرا کہا مان لیجیے

اور یہ نغمہ دیکھیے
یہ کیا جگہ ہے دوستو یہ کون سا دیار ہے
حد نگاہ تک جہاں غبار ہی غبار ہے

برصغیر میں ایک دور میں ہر ایک امراؤ جان کا یہ گیت گنگناتا نظر آتا تھا:
ان آنکھوں کی مستی کے مستانے ہزاروں ہیں
ان آنکھوں سے وابستہ افسانے ہزاروں ہیں

گلوکارہ آشا بھوسلے کی آواز نے ان گیتوں میں جادو سا بھر دیا تھا۔ فلم امراؤ جان میں اداکارہ ریکھا نے ہیروئن کا کردار بڑی خوبصورتی سے ادا کیا تھا۔ ہیرو فاروق شیخ تھے اور یہ فلم اپنے لازوال گیتوں کی وجہ سے آج بھی گویا زندہ ہے۔

شاعر شہریار کو اپنے دور کے دوسرے شاعروں کی طرح جن میں ساحر لدھیانوی، مجروح سلطان پوری اور حسرت جے پوری اور دیگر شامل تھے، شہرت نصیب نہ ہوئی۔

ان کا نام کنور محمد اخلاق تھا اور دنیائے ادب میں شہریار کے نام سے جانے گئے۔ وہ 16 جون 1936 کو آنولہ، ضلع بریلی، اُتر پردیش میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم ہردوئی میں حاصل کی۔ 1948میں علی گڑھ آئے۔ 1961 میں اردو میں ایم اے کیا۔ 1966میں شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں لیکچرر ہوئے۔ شہریار کو شروع ہی سے ہاکی، بیڈمنٹن اور رمی کھیلنا پسند تھا۔ ان کی ملاقات خلیل الرحمن اعظمی سے ہوئی اور پھر شہریار نے شاعری کا آغاز کیا۔ ان کے والد پولیس انسپکٹر تھے۔ شہریار نے فلم گمن اور امراؤ جان کے بعد فلم انجمن کے گانے بھی لکھے۔ بھارت میں انھیں گیان پیٹھ اور ساہتیہ اکیڈمی سمیت متعد د اعزازات سے نوازا گیا۔ شہریار 13 فرروری 2012 کو انتقال کرگئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں