لندن : برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر موجود دھماکا خیز مواد کا دعویٰ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے وسط میں واقع زیر زمین چیئرنگ کراس ریلوے اسٹیشن کے ٹریک پر گھومتے ہوئے مبینہ شخص کی جانب سے دھماکا خیز مواد ہونے کا دعویٰ کرنے پر اسٹیشن کو بند کردیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ لندن پولیس کے مسلح دستوں نے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہی اسٹیشن کو مسافروں سے خالی کروا لیا تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جاسکے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے مبینہ شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے تاہم اب تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں نے مبینہ شخص کی گرفتاری سے قبل لندن ٹرانسپورٹ سروس نے ٹرینوں کی آمد و رفت کو روک کر اعلان کیا تھا کہ مسافر لندن ٹرانسپورٹ سروس کے نمائندے سے معلومات حاصل کرنے کے بعد سفر کے لیے نکلیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد رکھنے کا دعویٰٗ کرنے والے شخص کو حراست میں لیے جانے کے بعد زیر زمین ریلوے اسٹیشن کو کھول کر ٹرین آپریشن کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چیئرنگ کراس ریلوے اسٹیشن کا شمار لندن کا مصروف ترین ریلوے اسٹیشنز میں ہوتا ہے۔
برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ریلوے اسٹیشن مکمل طور پر بحال نہیں ہوا ’ہم اسٹیشن کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے کام کررہے ہیں‘۔
ٹرانسپورٹ پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’اسٹیشن پر موجود مسافروں اور اسٹیشن انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ آپ نے واقعے کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کیا‘۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں