غزہ : اسرائیلی درندوں نے نو ماہ کے احمد کو زندگی بھر کیلئے معذور کردیا،احمد کو کئی گھنٹوں بعد ملبے سے نکالا گیا تو اس کی ایک ٹانگ کٹ چکی تھی۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں نو ماہ کا احمد اسرائیلی بمباری سے تو بچ گیا لیکن زندگی بھر کیلئے معذور ہوگیا، خان یونس میں اسرائیلی درندگی نے احمد سے چلنے کا حق بھی چھین لیا، احمد کو کئی گھنٹوں بعد ملبے سے نکالا گیا تو اس کی ایک ٹانگ کٹ چکی تھی۔
احمد کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹے نے ابھی چلنا بھی نہیں شروع کیا تھا اور بمباری میں ایک ٹانگ کھودی، اس کا علاج کہاں کراؤں، عالمی برادری سے اپیل ہے ہمارے بچوں کا مستقبل بچالیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں فلسطینی بچوں کو بھی گرفتار کرنے لگی، سات اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے میں سڑسٹھ بچوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔
خیال رہے غزہ میں اسرائیل کی بمباری کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، محفوظ زون بھی ڈیتھ زون میں تبدیل ہوگیا ہے۔
جبالیہ میں گھروں پر چوبیس گھنٹے میں ڈھائی سو حملے کئے گئے ، جس کے نتیجے میں بائیس فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ کئی ملبے تلے دبے ہیں۔
سات اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد اٹھارہ ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ پچاس ہزار سے زائد زخمی ہیں۔