بدھ, ستمبر 25, 2024
اشتہار

ملزم نے قبر سے اپنے مردہ چچا کی ہڈیاں چرا لیں، مگر کیوں؟

اشتہار

حیرت انگیز

ویتنام میں 37 سالہ ملزم کو قبر سے اپنے مردہ چچا کی ہڈیاں چوری کرنے کے حیران کن جرم میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت لو تھانا نم کے نام سے ہوئی جس نے مردہ چچا کی فیملی پر واجب الادا قرض کی رقم حاصل کرنے کیلیے قبر سے ہڈیاں چوری کرنے کا منصوبہ بنایا۔

ملزم کا چچا 4 برس قبل چل بسا تھا۔

- Advertisement -

ہڈیاں چوری کرنے کا واقعہ 9 ستمبر کو پیش آیا۔ ملزم نے بیلچے کی مدد سے قبر میں 20 میٹر گہرا گڑھا کھودا اور مردے کی کچھ باقیات نکال کر اپنے پاس رکھ لیں۔

اس نے گمنام نمبر سے چچا زاد بھائی کی بیوی کو دھمکی آمیز پیغام بھیجا اور ہڈیوں کی واپسی کیلیے قرض کی رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی اس نے متنبہ کیا کہ اگر پولیس کو اس بارے میں اطلاع دی گئی تو وہ مردے کی باقیات کبھی برآمد نہیں کر سکیں گے۔

فون کال کے بعد اہلخانہ نے قبر کا جائزہ لیا تو اس میں گہرا گڑھا تھا اور لاش کی کچھ ہڈیاں غائب تھیں جس کے بعد انہوں نے فوراً پولیس حکام کو اطلاع دی۔

پولیس نے تحقیقات کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا جس نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے واردات کا مقصد قرض کی رقم واپس حاصل کرنا بتایا۔ پولیس نے چوری شدہ ہڈیاں برآمد کر کے لواحقین کو واپس کر دیں۔

یاد رہے کہ ویتنام میں قبر کی بے حرمتی کی سزا 7 سال ہے جبکہ بھتہ خوری کے مرتکب افراد کو 20 سال تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

ویتنام میں قبر کو نقصان پہنچانا مردے کی توہین سمجھا جاتا ہے۔ وہاں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ قبر کھودنے سے میت کی روح میں بے چینی پیدا ہو سکتی ہے جو ممکنہ طور پر زندہ لوگوں کو متاثر کر سکتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں