ممبئی: معروف بالی وڈ فلمساز بونی کپور کا کہنا ہے کہ جب سے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروایا ہے خواتین زیادہ دیکھنے لگی ہیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رواں سال کے شروع میں بونی کپور نے بتایا تھا کہ وہ ہیئر ٹرانسپلانٹ کیلیے ڈاکٹر کے پاس گئے تھے۔
حال ہی میں انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بالوں کی نشوونما کے کامیاب سفر کے بارے میں بتایا۔ فلمساز نے بتایا کہ ان کا وزن کم ہوا ہے اور اب وہ کافی بہتر حالت میں ہیں۔
بونی کپور نے کہا کہ بال بڑھنے کے بعد میں بہتر لگ رہا ہوں جبکہ میری خواتین کی فالوونگ بھی بڑھ گئی، میں جب بھی کسی ایئرپورٹ پر جاتا ہوں تو لوگ میرے ساتھ فوٹو بنوانے آتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے صرف لڑکے یا مداح ہی فوٹو بنواتے تھے لیکن آج کل خواتین بھی اس کیلیے مجھ سے رجوع کر رہی ہیں، خواتین کی توجہ کس کو پسند نہیں؟ مجموعی طور پر یہ ایک شاندار تجربہ رہا۔
فلمساز نے چند ایسے بھارتی کرکٹرز کے نام بھی بتائے جو انہی کے ڈاکٹر سے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروا چکے ہیں۔
بونی کپور نے کہا کہ اگر آپ محمد شامی، (محمد) اظہر الدین اور روی شاستری کو دیکھیں تو وہ اب ہیئر ٹرانسپلانٹ سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، یہ وہ معروف نام ہیں جو میں آپ کو بتا سکتا ہوں لیکن میں دیگر اداکاروں یا شخصیات کے نام نہیں لینا چاہتا۔
پریس کانفرنس میں فلم ’بھول بھولیا 3‘ کے فلمساز انیس بزمی بھی شریک تھے جو حال ہی میں اسی ڈاکٹر سے ہیئر ٹرانسپلانٹ کروا چکے ہیں۔
بونی کپور کی رواں سال ایک ہی فلم ’میدان‘ریلیز ہوئی۔ امیت رویندرناتھ شرما کی ہدایت کاری میں بننے والے اسپورٹس ڈرامہ فلم میں اجے دیوگن نے مرکزی کردار ادا کیا۔