ابوظبی : بہترین کارکردگی دکھانے پر اماراتی ریاست کی ڈیلیوری کمپنی نے دو پاکستانی رائڈرز کو 21، 21 لاکھ سے زائد کا بونس دے دیا۔
وہ کہاوت تو سب نے سن رکھی ہوگی کہ دینے والا جب بھی دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے ایسا ہی کچھ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ملازمت کرنے والے دو پاکستانیوں کے ساتھ ہوا، جو دبئی میں بطور رائڈرز ملازمت کرتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے دونوں پاکستانیوں کو 21، 21 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بطور بونس دی گئی ہے۔
برطانوی کمپنی نے دبئی میں کام کرنے والے پاکستانی ملازمین کو نوکری کے پانچ سال مکمل ہونے، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور کمپنی کےلیے دو ہزار سے زائد آرڈر صارفین کو پہنچانے پر دیا گیا۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے خوش نصیب پاکستانی شہری محمد خرم نے بتایا کہ مجھے فون کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا مجھے کمپنی کی جانب سے تنخواہ سے 10 گناہ زیادہ یعنی 50 ہزار درہم کی رقم بطور بونس کی دی جارہی ہے۔
محمد خرم نے کہا کہ مجھے اتنی بڑی رقم بونس میں ملنے کی بات ایک مذاق لگی لیکن جب میں نے اپنے سینئرز سے تصدیق کی تو پتہ چلا کہ مجھے حقیقت میں 21 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد رقم بونس میں دی گئی ہے۔
محمد خرم نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ برس سے مذکورہ کمپنی کے ساتھ کام کررہا ہے، لیکن اب وہ کراچی میں کیفے یا ریسٹورانٹ کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیوں کہ وہ اپنے خاندان کا مستقبل بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
دوسرے خوش نصیب پاکستانی کا نام محمد ذیشان ہے جنہیں کمپنی کی جانب سے بونس کا فون موصول ہوا لیکن انہیں بھی بونس والی بات مذاق لگی۔
انہوں نے بتایا کہ جب بونس سے متعلق مجھے ای میل موصول ہوئی تو مجھے یقین آیا کہ کمپنی کی جانب سے بونس دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق محمد ذیشان کا تعلق لاہور سے ہے اسی لیےوہ لاہور میں کوئی نہ کوئی کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔