مہنگائی کے اس دور میں تعلیم کو ہر ایک کی دسترس میں لانے کے لیے محکمہ تعلیم نے سند کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں بُک بینک قائم کیے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مہنگائی کے بڑھتے طوفان میں جہاں غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا مشکل ہوگیا ہے، وہیں اپنے بچوں کو تعلیم دلانا کسی جوئے شیر لانے سے کم نہیں ہے۔
غریب عوام کی مشکلات کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں بُک بینک قائم کیے ہیں۔ اس کا مقصد ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، جو اپنی پرانی استعمال شدہ نصابی کُتب دوسرے طلبہ کو عطیہ کر دیتے ہیں۔
سرکاری اسکولوں کے علاوہ کئی نجی اسکولوں میں بھی یہ بُک بینک قائم کیے گئے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں گذشتہ سال کی پرانی کتابیں بڑی تعداد میں جمع کرائی گئی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی سندھ حکومت کی جانب سے فری نصابی کتب کی تقسیم بھی جاری ہے، پہلے مرحلے میں پرائمری، اس کے بعد سیکنڈری سطح پر مفت کتب تقسیم کی جائیں گی۔