لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی ماحولیاتی پالیسیوں پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے اور اہم اعلان کرڈالا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نےماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئےکہا ہےکہ پاکستان میں شجر کاری کے منصوبوں پر عمران خان کو سلیوٹ کرتا ہوں۔
بورس جانسن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانےکا عزم ظاہر کیا، سمندر کو محفوظ بنانے اور جنگلات کے لیے یہ بہت بڑی مہم ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کوششیں قابل تعریف ہیں، برطانیہ بھی ماحول کی بہتری کے لیے شجرکاری کرےگا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان کی میز بانی میں عالمی یوم ماحولیات کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی یافتہ ممالک سے کہا کہ وہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو عالمی حدت سے نمٹنے اور ماحولیاتی نظام کی بہتری کیلئے فنڈز فراہم کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت معمولی ہے ،قدرتی ماحول میں کاربن اور زہریلی گیسوں کے بڑے پیمانے پر اخراج کے ذمہ دار امیر اور ترقی یافتہ ممالک ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملکوں کو وافر فنڈز فراہم کریں۔
وزیر اعظم نے ترقی یافتہ ملکوں کو مسلسل اپنی ذمہ داری کا احساس دلانے اور ماحول کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے ممالک کی مدد کرنے پر اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کی۔