لندن: کرونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم کی طبیعت مزید خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم کو طبیعت بگڑنے پر آئی سی یو منتقل کردیا گیا، بورس جانسن لندن کے سینٹ تھامسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
برطانوی وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ طبیعت سنبھلنے تک وزیر خارجہ ڈومینک راب میری ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق آج سہ پہر کے دوران بورس جانسن کی حالت مزید خراب ہوئی اور انہیں طبی ٹیم کے مشورے پر آئی سی یو منتقل کیا گیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کرونا وائرس کا شکار
واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے قوم کے نام پیغام میں کہا تھا کہ خدارا گھر سے باہرمت نکلیں، ویک اینڈ پر موسم اچھا ہوگا، مگر کروناوائرس کے باعث باہر نکلنے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کرونا کی ایک علامت بخار اب بھی مجھ میں موجود ہے، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق بخار ختم ہونے تک آئسولیشن میں رہوں گا، شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
برطانوی وزیر اعظم نے ملک میں کرونا وائرس سے بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کرونا وائرس کے بڑی تعداد میں نئے کیسز سے افسردہ ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم 27 مارچ کو کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے، خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔