تازہ ترین

پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق امریکا کی رپورٹ مسترد کردی

اسلام آباد: پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی...

وزیراعظم کی راناثنااللہ اور سعد رفیق کو بڑی پیشکش

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے...

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پروٹوکول واپس کر دیا

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے چیف...

کاروباری شخصیت کی وزیراعظم کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کو کاروباری شخصیت عارف حبیب...

بووَر: "محبوب” کی خاطر آشیانہ سجانے والا پرندہ

قدرت کی بے شمار خوب صورت اور رنگ برنگی مخلوق میں سے ایک بووَر برڈ (Bower Bird) بھی ہے جو رنگ دار اور چمکیلی اشیا سے اپنا گھر سجانے کے لیے مشہور ہے اور یہ سجاوٹ نَر بووَر کی جانب سے مادہ کو لبھانے کی کوشش ہوتی ہے۔

دنیا میں اس پرندے کی تقریباً 20 نسلیں پائی جاتی ہیں جن میں سے ایک Vogelkop bowerbird ہے جو آج ہمارا موضوع ہے۔

بووَر برڈ کی یہ نسل انڈونیشیا کے جزیرے نیو گنی کے علاقے Vogelkop میں پائی جاتی ہے اور اسی نسبت سے اسے پہچانا جاتا ہے۔

ایک دل چسپ اور خاص بات تو یہ ہے کہ نیوگنی کی آزاد فضاؤں کا یہ باسی نقّالی بھی کرسکتا ہے۔ جی ہاں، یہ طوطے کی طرح آواز نکالتا (کاپی) ہے۔

لیکن اس پرندے کی سب سے خاص بات اور انفرادیت تنکوں سے بنا اس کا وہ آشیانہ ہے جسے نَر بووَر کسی مادہ کو لبھانے کی غرض سے سجاتا ہے۔

قدرت نے اسے کسی معمار جیسی صلاحیت دے رکھی ہے اور اس کا استعمال کرتے ہوئے پہلے یہ پرندہ نہایت مہارت سے اپنا گھر بناتا ہے اور بعد میں‌ سجاوٹ اور آرائش کا اہتمام کرتا ہے۔ بووَر، اپنا آشیانہ بنانے کے لیے چند موٹے تنکوں سے ستون بناتا ہے اور اس پر کئی تنکے رکھ کر اپنا جھونپڑی نما گھر مکمل کرلیتا ہے۔

گھر تیّار کرنے کے بعد نر بووَر اس کے داخلی دروازے کے سامنے کا حصّہ صاف کرکے اسے مختلف اشیا سے سجا دیتا ہے اور پھر "محبوب” کا انتظار شروع ہوتا ہے۔

مادہ کو اس گھر کی جانب متوجہ کرنے کے لیے نَر بوور پھول، مختلف خشک پتّے، پھل، بیج اور ایسے کیڑے اٹھا کر لاتا ہے جو چمک دار ہوتے ہیں۔ ان کے علاوہ یہ پرندہ اپنے آشیانے کے سامنے کوئلہ، مختلف اقسام اور رنگوں کی پھپھوندیوں حتّٰی کہ ہرن کی مینگنیوں کے چھوٹے چھوٹے ڈھیر لگا دیتا ہے۔ اس کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ٹھکانے کے سامنے ہر رنگ اکٹھا کر لے جو مادہ کے لیے کشش کا باعث بن سکے۔

دل چسپ اور تعجب خیز بات یہ ہے کہ بوور ان اشیا کو لاکر یونہی نہیں پھینک دیتا بلکہ انھیں‌ گھر کے آگے ایک خاص ترتیب سے رکھتا ہے۔ اکثر یہ دوسرے پرندے کی جھونپڑی سے بھی چیزیں چُرا کر لے آتا ہے۔

بووَر انسانوں کی پھینکی ہوئی چیزیں مثلاً پلاسٹک کی بوتلیں، اس کے رنگ دار ڈھکن وغیرہ بھی اس سجاوٹ میں شامل کرلیتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہ پرندہ وقتاً فوقتاً اپنی جھونپڑی کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی سجاوٹ میں رد و بدل کرتا رہتا ہے۔

اس پرندے کی مادہ قریبی درخت پر آکر بیٹھتی ہے جہاں سے جھونپڑی اور اس کی سجاوٹ پر نظر ڈالتی ہے اور جس آشیانے کی سجاوٹ اسے بھاتی ہے، یہ گویا اس کے مالک کی ہوجاتی ہے۔

یہ چند سیکنڈوں کے لیے ملاپ کرتے ہیں۔ اکثر نَر افزائشِ نسل کے لیے ملاپ سے محروم رہ جاتے ہیں اور انھیں مخصوص سیزن میں نئے سِرے سے گھر بنانے اور اسے سجانے کی مشقّت کرنا پڑتی ہے اور یہ سلسلہ یونہی چلتا رہتا ہے۔

(تلخیص و ترجمہ: عظیم لطیف)

Comments

- Advertisement -