اتوار, جنوری 5, 2025
اشتہار

فاسٹ بولرز کی رفتار اور اسپنرز کے گھومتے وار، ایشیا کپ میں بولرز کا راج

اشتہار

حیرت انگیز

جاری ایشیا کپ میں بولرز کا راج ہے فاسٹ بولرز نے رفتار اور اسپنرز نے گھومتے واروں سے مخالف بلے بازوں کو چین نہیں لینے دیا۔

ایشیا کپ 2023 اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے تاہم ایونٹ میں اب تک بولرز کا ہی راج رہا ہے جہاں فاسٹ بولرز نے اپنی رفتار سے مخالفین کو ڈرایا وہیں اسپنرز نے گھومتی گیندوں کا چکمہ دکھایا۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں کے فاسٹ بولرز اور اسپنرز نے اپنی بولنگ سے شائقین کرکٹ کو محظوظ کیا ساتھ ہی اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ایونٹ میں پاکستانی پیس بیٹری کی پُرفارمنس سب سے نمایاں ہے۔ انجری کے باعث آج کے اہم میچ سے باہر حارث رؤف نے سب سے زیادہ 9 شکار کیے ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے 8 بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا جب کہ کاندھے کی انجری کے باعث ایشیا کپ کے ایونٹ سے باہر ہونے والے نسیم شاہ نے 7 بیٹرز کی وکٹیں اڑائیں۔

- Advertisement -

ایشیا کپ میں دیگر ممالک کے جو فاسٹ بولرز اپنا جادو جگانے میں کامیاب رہے ان میں بنگلہ دیش کے تیز گیند باز تسکین نے 8 جب کہ شریف الاسلام نے 7 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سری لنکا کے پتھیرانانے بھی 8 وکٹیں لے اڑے تاہم اس شعبے میں بھارتی فاسٹ بولرز کے رنگ پھیکے رہے۔

اگر بات کریں اسپنرز کی گھومتی گیندوں سے حریفوں کو شکار کرنے کی تو اس میں بھارت کے کلدیپ یادو اور جڈیجہ کا جادو سر چڑھ کر بولا جب کہ بھارت کے ٹاپ آرڈر کو ٹھکانے لگانے والے سری لنکا کے نوجوان اسپنر ڈونیتھ ویلالاج اور تھیکشانا کی بولنگ نے بھی حریفوں کو چکرا دیا۔

اس شعبے میں پاکستانی اسپنرز بجھے بجھے رہے اور کوئی خاص کارنامہ انجام نہ دے سکے۔ قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے نیپال کے خلاف چار اور ایونٹ میں مجموعی طور پر 5 شکار کیے۔

ٹورنامنٹ میں اب تک 60 فیصد وکٹیں فاسٹ بولرز جب کہ 40 فیصد اسپنرز نے حاصل کیں۔

ایشیا کپ میں اب تک مجموعی طور پر گرنے والی 136 وکٹوں میں سے 82 بیٹرز کو پیسرز نے میدان بدر کیا جب کہ 54 بلے بازوں کو اسپنرز نے پویلین کی راہ دکھائی۔

ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار کیا ہوسکتا ہے؟

جاری ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے 11 میچوں میں دو فاسٹ بولرز اور ایک اسپنر نے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں