لندن : پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ عمران خان جانتے ہیں کہ کھیلوں کو کیسے بہتر کیا جاسکتا ہے، پاکستان میں کھیلوں کے شعبے میں بہتری کیلئے وزیر کھیل بننا چاہتا ہوں۔
یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ عمران خان بہترین وزیراعظم ہیں، ان کی قیادت میں پاکستان بہتری کی طرف جارہا ہے، عمران خان جانتے ہیں کہ کھیلوں کو کیسے بہتر کیا جاسکتا ہے۔
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے کہا کہ اپنا عالمی تجربہ استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں بہتری لا سکتا ہوں، بہت کچھ کرناچاہتا ہوں مگر میرے پاس اختیار نہیں، لہٰذا چاہتا ہوں کہ پاکستان کا وزیر کھیل بن کر پاکستان کیلئے کچھ بہتر کرسکوں۔
باکسر عامرخان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بہترین باکسر بننے کی بے پناہ صلاحیت ہے، بطور وزیراعظم عمران خان پر دیگر ذمہ داریاں بھی ہیں، اس لیے کھیلوں کے فروغ کیلئے عمران خان پر دباؤ ڈالنا مناسب نہیں، میری باتوں کو عمران خان کے خلاف نہ لیا جائے۔