لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بہترین اقدامات کررہے ہیں، سمندر پار پاکستانی وزیراعظم کا ساتھ دیں۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ویڈیو کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کرونا کی وجہ سے پوری دنیا پریشان ہے اور غریب اس وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے میں پاکستان نہیں پہنچ پار رہا، ہم نے ملک بھر میں اب تک دس ہزار خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے، آئندہ چند روز میں کراچی میں بھی کام کریں گے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بہترین اقدامات کررہے ہیں، اوورسیز پاکستانی کرونا کے خلاف مہم میں وزیراعظم کا بھرپور ساتھ دیں اور دل کھول کر کرونا ریلیف فنڈز میں عطیات جمع کروائیں، میں خود عمران خان کی مہم کیلئے فنڈز کروں گا۔
مزید پڑھیں: حکومت پاکستان باکسر عامر خان کے اقدام پر ان کی شکر گزار ہے، زلفی بخاری
پاکستانی نژاد باکسر نے کہا کہ وزیر برائے کھیل فہیمدہ مرزا اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا مگر ڈیرہ غازی خان پاکستان اسپورٹس بورڈ کام سے روک رہا ہے، ڈی جی نے راشن کی تقسیم سے روک دیا۔ عامر خان نے بتایا کہ ہم راشن تقسیم کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اجازت کے بعد استعمال کررہے تھے۔
انہوں نے پیش کش کی کہ ’حکومت تعاون کرے تو میں پاکستان کے ہر شہر میں باکسنگ اکیڈمی کھولنے کے لیے تیار ہوں، پروفیشنل باکسنگ کو فروغ دینے کے لیے اب تک ایک لاکھ ڈالرز اکیڈمی پر خرچ کرچکا ہوں‘۔
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ارادہ ہے اگلے سال پروفیشنل باکسنگ کو خیرباد کہہ دوں، میں اپنے بیٹے کو باکسنگ کے کھیل سے دور رکھنے کا خواہش مند ہوں کیونکہ اس کھیل میں چوٹیں بہت لگتی ہیں۔