کراچی میں باکسنگ مقابلے کےدوران جاں بحق باکسر محمد اسلم کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ پشین میں سپردخاک کر دیا گیا۔
نمازجنازہ میں ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری سمیت مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ باکسر محمد اسلم کی 2 بیٹیاں ہیں ایک بیٹی 2 ہفتے قبل پیدا ہوئی۔ باکسر محمد اسلم 4 بہنوں اور5 بھائیوں میں سب سےبڑا تھا۔
گزشتہ روز کراچی کے نجی کلب میں مقابلے میں باکسر محمد اسلم کو مخالف باکسر ولی خان کا مکا لگا جس کے باعث وہ رنگ میں گر گئے تھے، باکسر کو طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے۔
ہیوی ویٹ (پلس 80 کے جی) درجہ کے ٹائٹل کے لیے یہ فائٹ نجی کلب کی جانب سے کروائی جارہی تھی۔
34 سالہ محمد اسلم شادی شدہ تھے اور ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع پشین سے تھا جبکہ ان کے حریف ولی خان ترین بھی پشین سے ہی تعلق رکھتے ہیں، محمد اسلم نے کک باکسنگ مقابلوں میں بھی حصہ لیا تھا۔
محمداسلم نےکئی مرتبہ نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیا۔ محمداسلم نے 6 اور 12 راؤنڈ فائٹ سمیت امیچور مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔ پاکستان میں پہلی بار 2015 میں پروفیشنل باکسنگ کامقابلہ جیت کربیلٹ اپنےنام کی۔ باکسر محمد اسلم پاکستان نیوی اور واپڈا سےبھی کئی بارکھیل چکا ہے۔