کراچی: پاکستانی باکسر کے کورین پروموٹر نے مزید مدد کرنے سے معذرت کرلی جس کے بعد محمد وسیم شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ عالمی باکسر کے اعزاز سے بھی محروم ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق باکسر محمد وسیم پاکستانی پرچم تلے 8 عالمی مقابلے کرچکے ہیں جن میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی تاہم وہ اب وہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
محمد وسیم کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کوریا کے ایک شخص نے باکسنگ کی دنیا میں مزید آگے لے جانے کے لیے اُن کا ہاتھ پکڑا تاہم اب اُس شخص نے مزید مدد کرنے سے صاف معذرت کرلی۔
کورین پروموٹر کی جانب سے انکار کے بعد محمد وسیم نے جو عالمی فہرست میں جگہ حاصل کی وہ چھن جانے کا خدشہ ہے، اگر انہوں نے جلد کوئی بڑا مقابلہ نہ کیا تو اُن سے سلور فلائی ویٹ کا بیلٹ چھن جانے کا بھی خطرہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باکسر محمد وسیم کا پاکستانی شہریت چھوڑنے پر غور
پروموٹر اینڈی کم کا کہنا ہے کہ ’جتنے پیسے تھے وہ سب خرچ کرچکا اور اب وسیم کی جگہ دوسرے باکسر کی مدد کررہا ہوں جس کے بعد پاکستانی باکسر کے لیے عالمی ٹائٹل کے مقابلے میں حصہ لینا ناممکن ہوچکا‘۔
اُن کا کہنا ہے کہ ’محمد وسیم بہترین باکسر ہے اس لیے اُس کا ساتھ دیتا آیا، پاکستان کے اعلیٰ حکام سے درخواست کی کہ وہ اپنے باکسر کی مزید مدد کریں وگرنہ تمام صورتحال وسیم کے خلاف جارہی ہے‘۔
اسے بھی پڑھیں: نوجوان باکسر محمد وسیم کے نقش قدم پر چلیں، آرمی چیف
اینڈی کم کا کہنا تھا کہ ’حکومتِ پاکستان کی جانب سے جو فنڈز دیے گئے وہ سب خرچ ہوچکے ہیں‘۔
واضح رہے کہ باکسر محمد وسیم نے 8 پروفیشنلز فائٹ کھیلی ہیں اور سب مقابلوں میں کامیابی حاصل کی مگر انہیں ڈبلیو بی سی فلائی ویٹ کی ورلڈ رینکنگ میں پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے امریکا میں منعقد ہونے والے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔