نئی دہلی: بھارت میں آن لائن گیم پب جی نے 16 سالہ نوجوان کی جان لے لی، نوجوان کئی روز تک لگاتار بغیر کھائے پیے پب جی کھیلتا رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش میں 16 سالہ نوجوان پب جی کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا، پولیس کے مطابق نوجوان کئی دن سے بغیر کچھ کھائے پیے لگاتار پب جی کھیلتا رہا۔
پانی نہ پینے کی وجہ سے نوجوان شدید ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوگیا جس کے بعد گھر والے اسے اسپتال لے گئے۔ نوجوان کو ڈائریا بھی شروع ہوگیا اور شدید ڈائریا کی وجہ سے اس کی سرجری کرنی پڑی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکی اور نوجوان چل بسا۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ پب جی ایک لت بن چکا ہے اور جرائم پیشہ عناصر اسے اپنے مقاصد کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق سی آئی ڈی طلبہ، نوجوانوں اور والدین کو سائبر کرائم سے آگاہ کرنے کے ایک ماہ کی آگاہی مہم بھی چلا رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ممبئی میں بھی پب جی کے عادی 22 سالہ نوجوان نے پھندا لگا کر خودکشی کر لی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ نکھل پونا میں ایک نجی فرم میں ملازمت کرتا تھا اور بی اے فائنل کے امتحانات دینے کے لیے واپس آبائی علاقے آیا تھا تاہم کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ گھنٹوں پب جی گیم کھیلتا رہتا تھا۔