تازہ ترین

دل سوز تصویر نے لاکھوں دل پگھلا دیے

نئی دہلی: بھارت کے دار الحکومت نئی دہلی میں باپ کی لاش کے ساتھ بچے کی تصویر نے لاکھوں لوگوں کے دل پگھلا دیے، بچہ اپنے باپ کے سرہانے کھڑا رو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شیئر ہونے والی ایک تصویر نے لوگوں کے دل دہلا دیے، تصویر میں ایک بچہ اپنے باپ کی لاش کے سرہانے بے بسی سے رو رہا ہے۔

تصویر ٹوئٹر پر شیئر ہوتے ہی دیکھنے والوں کے دل پگھل گئے، درد مندوں نے 30 لاکھ روپے چندہ جمع کر کے بچے کے خاندان کو بھیج دیا جس کے پاس آخری رسومات کے اخراجات بھی نہیں تھے۔

بچے کے والد 27 سالہ انیل دہلی میں گٹر صاف کرنے کا کام کرتے تھے، گٹر میں کام کے دوران رسی ٹوٹنے کے نتیجے میں وہ گر کر ہلاک ہوگئے تھے۔

بھارتی اخبار کے کرائم رپورٹر نے اس منظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کرنے کے بعد کہا کہ یہ ایک دل دہلانے والا منظر تھا، میں گٹر صاف کرنے والوں کی ہلاکتوں کی طرف توجہ دلانا چاہ رہا تھا۔


یہ بھی پڑھیں:  بھارتی شہر کلکتہ سے 14 نومولود بچوں کی لاشیں برآمد


رپورٹر نے بتایا کہ مذکورہ تصویر انیل کی آخری رسومات سے چند لمحے قبل کی ہے، غریب خاندان کے پاس آخری رسومات کے اخراجات بھی نہیں تھے اور ان کی مدد محلے والوں نے کی۔

خیال رہے کہ بھارت میں گٹر صاف کرنے والے ورکرز حفاظتی سامان نہ ہونے کے سبب ہر سال بڑی تعداد میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -