اشتہار

کیلیفورنیا: چرچ پر فائرنگ کرنے والے کو لوگوں‌ نے بہادری سے پکڑ کر باندھ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کیلیفورنیا: امریکا میں دوسرے روز بھی فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ جاری رہا، ریاست کیلیفورنیا میں‌ ایک چرچ پر حملے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کیلفورنیا کے ایک گرجا گھر میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں، یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کو پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرجا گھر میں موجود لوگوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو پکڑ کر باندھ دیا۔

اورینج کاؤنٹی کے انڈرشیرف جیف ہالاک نے واقعے کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ لگونا ووڈز میں واقع جنیوا پریسبائٹیرین نامی چرچ میں سے ایک نامعلوم شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی عمر 60 سال کے قریب ہے، اور وہ ایشیائی ہے، چرچ کے اسٹاف نے حملہ آور کو خود قابو کر کے بہادری کا ثبوت دیا۔

- Advertisement -

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والوں میں چار زیادہ زخمی جب کہ ایک معمولی زخمی ہے، یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ فائرنگ کا واقعہ چرچ کے ہال کے اندر ہوا ہے یا باہر، واقعے کے بعد ایف بی آئی کے اہل کار بھی موقع پر بھجوائے گئے۔

شیرف کے ترجمان کیری بران کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت 30 افراد چرچ میں موجود تھے جن میں اکثریت کا تعلق تائیوان سے ہے، ابھی اس بات کی تحقیق ہو رہی ہے کہ حملہ نفرت انگیزی کا نتیجہ ہے یا پھر وہ کمیونٹی کے افراد کو جانتا تھا۔

واضح رہے کہ لگونا ووڈز کے 80 فی صد سے زیادہ رہائشیوں کی عمر 65 سال کے قریب ہے کیوں کہ یہ شہر بنایا ہی عمر رسیدہ لوگوں کے لیے گیا تھا۔

خیال رہے 15 مئی کو نیویارک میں ایک سفید فام شخص نے بفیلو سپر مارکیٹ میں فائرنگ کی تھی جس سے کم سے کم 10 سیاہ فام ہلاک ہو گئے تھے، نسلی تعصب سے بھرے ہوئے امریکی نے دو منٹ کے لیے اسٹریمنگ پلیٹ فارم ٹوئچ پر لائیو شوٹنگ بھی دکھائی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں