براسیلیا: برازیل کی سپر مارکیٹ میں بنے شیلف اچانک گر پڑے جس کے نتیجے میں ایک خاتون ورکر ہلاک اور کئی خریدار زخمی ہوگئے، ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ جمعے کو پیش آیا تھا لیکن اس سے متعلق ویڈیو آج منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا کہ کس طرح سپر مارکیٹ کے اچانک شیلف گرے اور افرا تفری مچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا حادثہ برازیل کے شہر ساؤ لیئس میں قائم ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا، اس واقعے میں 21 سالہ خاتون ورکر ہلاک ہوئیں، جو گزشتہ 3 ماہ سے وہاں ملازمت کررہی تھیں۔
حادثے میں تمام زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ جن افراد کو معمولی زخم آئے تھے انہیں ڈسچارج کرکے گھر بھیج دیا گیا ہے، شیلف گرنے کا واقعہ شام 8 بجے کے قریب پیش آیا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیلف گرنے سے قبل کئی لوگوں نے آہٹ محسوس کرلی تھی اسی لیے وہ فوراً وہاں سے بھاگے اور جو خریدار جائے وقوع سے ہٹ گئے ان کی زندگیاں بچ گئیں۔