برازیل کی خاتون اوّل جنجا لولا ڈا سلوا ٹیسلا اور سوشل میڈیا پر پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کو گالی بک دی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنجا لولا ڈا سلوا جی 20 کی سوشل تقریب سے خطاب کر رہی تھیں کہ اس دوران انہوں نے ایلون مسک کی بے عزتی کی۔
خاتون اوّل کے خطاب کے دوران بحری جہاز کا ہارن بجا جس سے ان کی تقریر میں خلل پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں یہ ایلون مسک ہی ہوگا‘۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے ٹیسلا اور ایکس کے مالک کو گالی بکتے ہوئے کہا کہ ’میں تم سے ڈرتی نہیں ہوں‘۔
جب جنجا لولا ڈا سلوا کے خطاب کا مذکورہ کلپ ایکس پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کیا گیا تو ایلون مسک نے اس پر ہنسنے والے ایموجی کے ذریعے ردعمل دیا۔
انہوں نے ایک اور پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ موجودہ برازیلی صدر لوئز اناسیو لولا ڈی سلوا اگلا الیکشن ہار جائیں گے۔
یاد رہے کہ برازیل کی حکومت نے ملک میں ایکس کی سروس بلاک کر رکھی ہے کیونکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ملکی عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔