گجرات: بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم کو چیلنج کیا ہے کہ ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے اگر ہمت ہے تو اسمبلی توڑ دو۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گجرات میں عوامی مارچ کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس اب 24 گھنٹے بچے ہیں، وہ استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔
بلاول نے عوام کو مخاطب کر کے کہا یہ آپ کے ووٹوں سے نہیں امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں ہیں، اسی لیے اقتدار میں آ کر وہ صرف اسی طرف دیکھتے رہتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا ہم نے پہلے دن ہی سے وزیر اعظم کو نہیں مانا، اور پہلے ہی دن اسمبلی میں ان کو سلیکٹڈ کا نام دیا، آج گوگل میں لکھیں عمران خان تو سلیکٹڈ وزیر اعظم آئے گا۔
انھوں نے کہا آج گجرات کے عوام نے بھی وہی نعرہ لگا دیا ہے، سندھ اور پنجاب نے اپنا فیصلہ دے دیا، اب ہم اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں، عمران خان نے ہر طبقے کو پریشان کیا ہے، ہم نے ان سے حساب لینا ہے، انھوں نے پی ٹی آئی، ایم ایف ڈیل کرا کر معاشی بحران پیدا کر دیا۔
پی پی چیئرمین نے کہا اب وہ اتنے گھبرا چکے ہیں کہ گالی دینے پر اتر آئے، لیکن جتنی بھی گالیاں دیں، جھوٹ بولیں بچ نہیں سکتے، لیکن یہ جاتے جاتے بھی آپ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کل وہاڑی میں وزیر اعظم نے یورپی یونین پر حملے کرنا شروع کر دیا ہے، یورپی یونین کے پیچھے ایسے پڑ گئے جیسے کشمیر فتح کر لیا، یہ شخص اس عہدے پر بیٹھنے کے لائق نہیں، انھوں نے جو نقصان پہنچایا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
بلاول نے کہا صاف اور شفاف الیکشن ہمارا مطالبہ ہے، عوام صاف و شفاف الیکشن سے اپنا نمائندہ چن سکیں گے، وزیر اعظم نے بینظیر کی تصویر ہٹائی اور پھر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو نقصان پہنچایا، غریب خواتین کو بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے باہر نکالا جا رہا ہے، لانگ مارچ کے دوران خواتین نے احتجاج کیا کہ اس نے ہمیں بینظیرپروگرام سے نکال دیا، ہم ان خواتین کا مقدمہ لڑیں گے۔