کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بھارت میں 90 ہزار لوگوں نے ترانہ پڑھا، ہم 14 اگست کو بھارت کا ریکارڈ توڑ یں گے.
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو 90 ہزار سے زائد لوگ قومی ترانہ پڑھ کر بھارت کا ریکارڈ توڑ یں گے، عوام بڑی تعداد میں یوم آزادی پر مزار قائد پر جمع ہوں گے.
گورنر نے کہا کہ آئی ٹی ٹیسٹ میں رہ جانے والوں کے لیے 14 اگست کوبڑی خوشخبری کا اعلان کروں گا، مڈل کلاس طبقے کے لیے تندور پروگرام کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے تو یہاں روزگار کیوں نہیں؟ کراچی میں سہولتوں کا فقدان کیوں ہے، جو حقوق ہیں وہ آپ نے خود حاصل کرنے ہیں، کراچی کا اصل چہرہ قلم ہے، یہی قلم ملک میں طاقت کا توازن پیدا کرے گا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ روزانہ 10ہزار لوگوں کو گورنرہاؤس سے مفت راشن دیا جا رہا ہے، مڈل کلاس طبقے کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دینے جا رہے ہیں، ہیلتھ انشورنس کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ تک کا علاج مفت ہو گا۔