اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملک میں سیاسی صورت حال کے تناظر میں پارٹی مؤقف سے آگاہی دینے کے لیے یورپین و مسلم ممالک کے سفیروں کے ساتھ بریک فاسٹ میٹنگ کی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سینیئر پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے اسلام آباد میں ڈپلومیٹک کور کے ساتھ بریک فاسٹ میٹنگ کی، اس میٹنگ کا اہتمام پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی جانب سے کیا گیا تھا۔
بریک فاسٹ میٹنگ میں پی ٹی آئی کے سینئر قائدین اور پاکستان میں تعینات یورپین و مسلم ممالک کے سفرا کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ملاقات میں علاقائی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ انھوں نے تحریک انصاف کے نقطہ نظر سے شرکا کو آگاہ کیا، سفرا کو شفاف الیکشن اور سیاسی عدم استحکام کی فضا کے خاتمے کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی۔
شاہ محمود نے بریک فاسٹ میٹنگ کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’ملاقات کے اہتمام پر آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔‘‘