اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان مستقبل کے تعلقات پر اتفاق

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کی کوششوں سے بریگزٹ معاہدے کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے حوالے سے مشترکا اعلامیے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم نے مشترکا اعلامیے پر اتفاق رائے ہونے کے بعد کہا ہے کہ اب یورپی یونین کی ہفتے کے اختتام پر اجلاس کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور اتوار کے روز ہونے والے اسی اجلاس میں معاہدے کی تصدیق کی جائے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ تھریسا مے نے بریگزٹ سے متعلق معاہدے کو برطانیہ کے مفاد میں بہترین قرار دیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ بریگزٹ ڈیل شہریوں کے مفاد میں بھی اچھی ثابت ہوگی جبکہ اس معاہدے کے نتیجے میں ان کا مستقبل بھی بہترین ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے آئندہ اتوار کو یورپی سربراہوں کے منعقد ہونے والے اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یورپی سربراہی اجلاس میں معاہدے کے مسودے کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے گذشتہ روز بریگزٹ ڈیل کے حوالے سے رواں ہفتے کے اختتام پر ایک مرتبہ پھر یورپی سربراہوں کو بریگزٹ معاہدے پر راضی کرنے کے لیے برسلز کے دورے کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے اعلیٰ حکام سے دو گھنٹے کی ملاقات کے بعد وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کارکردگی برطانیہ اور یورپی یونین کے مستقبل کے تعلقات کا چہرہ بنائے گی۔

خیال رہے کہ اسپین کا کہنا ہے کہ جب تک ہسپانوی جزیرے جبل الطارق پر گفتگو نہیں ہوگی وہ بریگزٹ معاہدے کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں