لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ حکومت گرانے سے بریگزٹ کے عمل میں تاخیر ہوگی یا پھر یہ عمل رک جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے کہا کہ قیادت کی تبدیلی سے غیریقینی صورت حال پیدا ہوگی، اس مرحلے پر قیادت کی تبدیلی سے بریگزٹ پر مذاکرات آسان نہیں ہوں گے۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ اگلے 7 دن بہت اہم ہیں، یوری کمیشن کے چیئرمین جین کلاڈ جنکر اور دیگر شخصیات سے ملاقاتوں اور مذاکرات کے لیے برسلز جارہی ہوں، مذاکراتی ٹیم مذاکرات کو آگے بڑھانے کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بریگزٹ ڈیل کے معاملے پر دیگر رہنماؤں سے بھی رابطے میں رہوں گی کیونکہ یورپی کونسل کا خصوصی اجلاس اگلے ہفتے ہوگا۔
تھریسامے نے کہا کہ اپنی پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی قیادت کی تبدیلی کا کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔
یہ پڑھیں: بریگزٹ ڈیل : تھریسا مے کاروباری طبقے کی حمایت حاصل کرنے کے لیے متحرک
برطانوی وزیراعظم نے بریگزٹ ڈیل کی شرائط تبدیل کرنے کے امکانات کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ یورپی کمیشن کے چیئرمین جین کلاڈ جنکر کے ساتھ بات چیت کا محور مستقبل کے تعلقات ہوں گے۔
دوسری جانب لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربن نے کہا ہے کہ ابھی وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ نئے ریفرنڈم میں وہ ووٹ کا استعمال کس طرح کریں گے۔
یاد رہے کہ برطانوی وزیر اعظم پر ٹوری پارٹی کے ممبران کی جانب سے دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اس ڈیل میں تبدیلیاں لے کرآئیں ، بعض کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس ڈیل سے بہتر تھا کہ کوئی ڈیل نہ ہوتی۔