بھارت میں شادی کی تقریبات کے دوران مضحکہ خیز واقعات کی ویڈیو اکثر سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں مٹھائی کھلانے کے دوران دلہن اور دلہے کے درمیان تھپڑوں کی بارش شروع ہوگئی۔
بھارت کے مقبول کامیڈین سنیل گروور نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک دلہن اور دلہا تیار ہوئے اسٹیج پر کھڑے ہیں۔
بعد ازاں دلہن دلہے کو مٹھائی کھلانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھاتی ہے لیکن دلہا پاس میں موجود کیمرا مین کو کہتا ہے کہ تصویر اچھی آنی چاہیے۔
اس دوران مٹھائی کھانے میں تاخیر کی وجہ سے دلہن کو شدید غصہ آجاتا ہے اور وہ مٹھائی دلہے کے منہ پر مل دیتی ہے جس کے بعد دلہا ایک تھپڑ دلہن کو رسید کرتا ہے ۔
ایک تھپڑ کھانے کے بعد دلہن بھی جوابی وار کرتے ہوئے شوہر کو تھپڑ مار دیتی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں ایک دوسرے پر تھپڑوں کی برسات کردیتے ہیں۔
سنیل گروور نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ‘غصہ نہ کیا کرو، ابھی تو زندگی شروع ہوئی ہے’۔
مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور اس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔