نئی دہلی : قابل قبول دولہا کے طور پر خود کو منوانے کے لئے کچھ مخصوص خوبیوں کا مالک ہونا بہت ضروری سمجھا جاتا ہے، عام طور پر لڑکیاں اپنا آئیڈیل نہ ملنے کے باوجود سر جھکا کر والدین کی عزت رکھ لیتی ہیں۔
لیکن شاید آپ کو یہ جان کر حیرانی ہو کہ بھارت میں دلہن نے اسٹیج پر کھڑے ہوکرعلی الاعلان دولہا کو مسترد کرتے ہوئے شادی سے انکار کردیا لڑکی کے گھر والے اسے شادی کرنے کیلئے مجبور کرتے رہے۔ تاہم دلہن نے کسی بھی قیمت پر دولہے سے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔
دولہے کے ساتھ پیش آنے والے انوکھے واقعے نے ویڈیو دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا کچھ لوگ اسے لڑکیوں کی آزادی سے تشبیہہ دے رہے ہیں تو کچھ کا کہنا ہے کہ یہ بات بارات لانے سے پہلے کی جانی چاہیے تھی۔
انسٹاگرام پر پیج اس ویڈیو کو "برائیڈل لہنگا ڈیزائن” نے اپ لوڈ کیا ہے۔ اسے40,000 سے زیادہ آراء اور1,700 لائکس ملے ہیں۔
ویڈیو میں دولہا اور دلہن کو اسٹیج پر کھڑے دکھایا گیا ہے، پھولوں کی مالا پہنانے کی رسم کے دوران جب دولہا اپنی دلہن کے گلے میں مالا ڈالتا ہے، تو جواب میں دلہن اپنے ہاتھ میں موجود مالا کو غصے سے زمین پر پٹخ دیتی ہے۔
اس کے بعد دلہن اسٹیج سے اعلان کرتی ہے کہ وہ دولہا سے شادی نہیں کرے گی کیونکہ وہ پڑھ لکھی ہے۔ وہاں موجود کسی شخص نے اس سے استفسار کیا کہ کہ انکار کی اصل وجہ کیا ہے؟ جس پر دلہن کا کہنا تھا کہ میں ایک تعلیم یافتہ لڑکی ہوں۔ میں بی ایڈ کر رہی ہوں جبکہ دولہا بالکل ناخواندہ ہے۔ تم مجھے بتاؤ؟ کیا میں اس کے ساتھ خوش رہ سکتی ہوں؟ میں اس سے شادی نہیں کرسکتی۔
تقریب میں موجود ایک شخص پھر دلہن سے پوچھا کہ تم نے اس سے پہلے شادی کرنے سے انکار کیوں نہیں کیا؟ جس پر دلہن کا جواب تھا کہ میرا باپ مجھے پیسوں کی خاطر اس شخص سے شادی کرنے پر مجبور کر رہا تھا۔
اس کے بعد لوگ دلہن سے مزید سوالات کرتے ہیں لیکن وہ دہراتی ہے کہ وہ ایک ایسا شوہر چاہتی ہے جو تعلیم میں اس کے برابر ہو اور اس سے انگریزی میں بات کرسکے۔