بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے عزت نگر میں دولہا دلہن کے شادی کر کے لوٹنے پر دو برادریوں میں خونی تصادم سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دو مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے لڑکا لڑکی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے تاہم ان کے گھر والے شادی کے حق میں نہیں تھے۔
لڑکا اور لڑکی نے گھر سے فرار ہونے کا منصوبہ بنایا اور 18 اکتوبر کو وہ بھاگ نکلے لیکن لڑکی کے والدین کی شکایت پر پولیس نے دونوں کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: دولہا نئی نویلی دلہن کو جنگل میں چھوڑ کر فرار ہوگیا
عدالت میں لڑکی نے لڑکے کے حق میں بیان دیا اور اس کے ساتھ جانے پر رضامندی ظاہر کی جس کے بعد عدالت نے لڑکی کو نوجوان کے ساتھ بھیج دیا۔
اس کے بعد دونوں نے شادی کی اور حال ہی میں جب وہ علاقے میں واپس لوٹے تو دونوں کی برادری میں خونی تصادم شروع ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، پتھر برسائے اور لاٹھیاں چلائیں جس میں 11 زخمی ہوئے۔
تصادم کا علم ہونے پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچی اور صورتحال کو کنٹرول میں لیا۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مار رہی ہے۔