بھارتی ریاست راجستھان میں خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں دولہا اور دلہن سمیت 5 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق جموارم گڑھ میں دوسہ منوہر پور ہائی وے پر ٹرک اور گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 7 شدید زخمی ہوگئے۔
رئیسر پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی میں نوبیاہتا دولہا اور دلہن سمیت 14 سے افراد سوار تھے، ان کی گاڑی کو علی الصبح دوسہ منوہر پور ہائی وے پر حادثہ پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرین شادی کے بعد ریاست مدھیہ پریش سے لوٹ رہے تھے، ان کی گاڑی اور ٹرک میں تصادم ہوا، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کی تقریب میں ڈانس کے تنازع پر دولہا قتل
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں مسافر گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، تباہ شدہ گاڑی کو ہٹا کر ہائی وے کو ٹریفک کیلیے کھول دیا گیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دوسہ منوہر پور ہائی وے پر اکثر حادثات پیش آتے ہیں، یکم جون کو بھی ایک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اسی طرح 27 مئی کو بھی خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 3 شہری موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ اس سے قبل 21 مئی کو پیش آئے حادثے میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔