نئی دہلی: بھارت میں ایک شادی اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر گئی جب دولہا شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا اور دلہن کی شادی مہمانوں میں شامل ایک شخص سے کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست کرناٹک میں پیش آیا، جہاں ایک گاؤں میں ہونے والی شادی کی تقریب ڈرامائی صورت اختیار کر گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دو بھائیوں اشوک اور نوین کی شادی اتوار کے دن ہونا تھی، اس سے قبل دونوں دولہوں اور خاندانوں نے شادی سے قبل کی تقریبات میں حصہ لیا۔
ایک بھائی نوین نے بھی اپنی ہونے والی دلہن سندھو کے ساتھ شادی سے قبل کی رسومات انجام دیں۔
تاہم عین شادی والے دن نوین غائب ہوگیا، جیسے کے بعد میں علم ہوا کہ نوین کی سابق محبوبہ نے اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے شادی کی تو وہ تمام مہمانوں کے سامنے زہر پی کر خودکشی کرلے گی۔
نوین اس سے ملنے چلا گیا اور شادی کی تقریب میں نہیں پہنچا۔
دوسری جانب سندھو اور اس کے اہلخانہ جو دلہے کے انتظار میں بیٹھے تھے ان حالات سے نہایت دلبرداشتہ ہوئے، تبھی وہیں شادی کی تقریب میں ایک شخص نے دلہن کے لیے اپنا رشتہ پیش کردیا اور کہا کہ اگر دونوں خاندانوں کو اعتراض نہ ہو تو وہ دولہا بننے کے لیے تیار ہے۔
سندھو کے اہلخانہ نے رشتہ قبول کرلیا اور سندھو دلہن بنی اس شخص کے ساتھ رخصت ہوگئی، فرار دولہے نوین کے بھائی اشوک کی شادی طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوئی یوں یہ معاملہ خوشگوار انجام پر ختم ہوا۔