بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بریلی میں شادی کی تقریب میں اُس وقت افراتفری مچ گئی جب نشے میں دھت دولہے نے غلطی سے ورمالا دلہن کے بجائے اس کی سہیلی کو پہنا دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دولہے کی انوکھی حرکت پر دلہن نے سب کی موجودگی میں اس کو تھپڑ جڑ دیا اور فوراً شادی منسوخ کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان بھرپور جھگڑا شروع ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: دولہے سے واٹس ایپ گفتگو کے بعد دلہن نے شادی منسوخ کر دی
پولیس واقعے کی اطلاع ملنے پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا۔
دلہن والوں کی طرف سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق 26 سالہ رویندر کمار کے گھر والوں نے شادی سے پہلے کی رسومات کے دوران 2.5 لاکھ روپے جبکہ تقریب کی صبح مزید 2 لاکھ روپے لینے کے باوجود اضافی جہیز کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ رویندر کمار کسی اور سے شادی کرنا چاہتا تھا اور جان بوجھ کر شادی میں خلل ڈالنے کیلیے اس نے مذکورہ حرکت کی، ورمالا پہنانے سے قبل وہ دیر تک شراب پیتا رہا۔
ایف آئی آر کے مطابق جب رسم شروع ہوئی تو رویندر کمار اس قدر نشے میں تھا کہ اس نے غلطی سے دلہن کی سہیلی کو ورمالا پہنا دی جو ساتھ ہی کھڑی تھی، 21 سالہ دلہن رادھا دیوی نے غصے میں آ کر دولہے کو تھپڑ مارا۔
پولیس حکام نے رویندر کمار اور اس کے دوستوں کو حراست میں لے لیا، ان پر دلہن کے خاندان کی توہین کرنے اور امن عامہ کو خراب کرنے کا الزام عائد ہے۔
ملزمان کے خلاف جہیز کا مطالبہ کرنے پر الگ مقدمہ درج کیا گیا۔ تحقیقات سے پتا چلا کہ اس کے دوستوں نے اسے شراب فراہم کی تھی، فروخت کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔