پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کے نواحی علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران نو عمر ملزمان دلہن کے قیمتی زیوارت چوری کر کے فرار ہوگئے۔
شادی ہال کے اندر لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں نو عمر ملزمان کو زیوارت سے بھرا بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے لوٹے گئے زیورات برآمد کر لیے۔
یہ بھی پڑھیں: دلہن شادی سے چند گھنٹے قبل ٹریفک حادثے میں جاں بحق
ڈی پی او راشد ہدایت نے بتایا کہ برآمد شدہ مال مسروقہ میں 12 تولے طلائی زیورات اور گھڑیاں شامل ہیں، چور گینگ کے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلیے چھاپے جاری ہیں۔
جون 2024 میں چنیوٹ میں پولیس نے چوری کی ریکوری کیلیے ملزم کی نوبیاہتا بہن کا جہیز اٹھا لیا تھا۔
گلبرگ فیصل آباد پولیس نے 33 تولہ سونا چوری مقدمے میں ملزم گرفتار کر لیا تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش 7 ماہ قبل چوری کے زیورت فروخت کر کے بہن کا جہیز بنانے کا انکشاف کیا تھا۔
گلبرگ پولیس نے گرفتار چور عقیل کی نشاندہی پر نوبیاہتا بہن کے گھر پر چھاپہ مارا تو بہن گھر پر موجود نہ تھی۔
اہل علاقہ کے مطابق پولیس نے جہیز کا سامان چوری کے مقدمے میں ریکوری کیلیے اٹھایا۔ پولیس دلہن کا فرنیچر، زیور، کپڑے، جوتے سمیت مکمل جہیز کا سامان لے گئی تھی۔
پولیس کی کارروائی پر اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھائی کی چوری کی سزا بہن کو کیوں دی جا رہی ہے؟