ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بیروت دھماکہ: دھماکے سے خوفزدہ دلہن کی ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

بیروت: لبنانی دارالحکومت بیروت میں قیامت خیز دھماکے کے وقت ایک دلہن کی ویڈیو بے حد وائرل ہورہی ہے جو عین دھماکے کے وقت اپنے فوٹو شوٹ میں مصروف تھیں۔

وہ دن 29 سالہ اسرا صبلانی کی شادی کا دن تھا اور وہ سفید لباس میں ملبوس تصاویر کھنچوا رہی تھیں جب ویڈیو میں قیامت خیز دھماکے کی آواز آتی ہے۔ دھماکے سے پس منظر میں ہوٹل کی شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹتی ہوئی نظر آتی ہیں جبکہ زمین پر مختلف اشیا کا مبلہ بکھر جاتا ہے۔

صبلانی امریکا میں بطور ڈاکٹر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور واقعے کے روز وہ بیروت کے 34 سالہ بزنس مین سے شادی کرنے جارہی تھیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ 2 ہفتوں سے اپنی شادی کی تیاریاں کر رہی تھیں اور اس دن کے لیے بے حد خوش تھیں۔ دھماکے کی آواز سن کر انہیں پہلا خیال یہی آیا کہ وہ مرنے والی ہیں۔

صبلانی اس دن دھماکے کے مقام سے قریب تھیں اور دھماکے کے بعد انہوں نے وہاں پہنچ کر کچھ زخمیوں کو چیک بھی کیا۔

ان کے شوہر کہتے ہیں کہ وہ اس دھماکے سے اب تک صدمے کی حالت میں ہیں، وہ زندگی میں پہلے کبھی ایسی صورتحال سے نہیں گزرے۔

صبلانی اور ان کے شوہر نے اس دن دھماکے کے بعد افسردہ دلی سے شادی کی رسومات مکمل کیں، صبلانی کا کہنا ہے کہ وہ اس دھماکے سے متاثر لوگوں کے لیے بے حد افسردہ اور پریشان ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں