اوچ شریف: جنوبی پنجاب کے شہر اوچ شریف میں شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اوچ شریف کے علاقے بستی جندو والی میں بارات لے کر گھر پہنچتے ہی دلہا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔
ذرائع کے مطابق دلہا محمد اکبر بارات کے ہمراہ دلہن بیاہ کر گھر پہنچا ہی تھا کہ اسے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔
دلہے کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: خیرپور: کم عمری کی شادی پرگرفتار دلہا انتقال کرگیا
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے شہر خیرپور کے علاقے پیر جو گوٹھ میں کم عمری کی شادی پر گرفتار ہونے والا دلہا انتقال کرگیا تھا۔
لڑکے کی اچانک موت پر اہل خانہ نے پیرجوگوٹھ پولیس کو مورد الزام ٹہراتے ہوئے کہا تھا کہ دلہا پولیس لاک اپ میں رہنے کے باعث بیمار ہوا، لاک اپ میں رہنے کی وجہ سے اسے سخت ذہنی دباؤ کا سامنا تھا، جس کے باعث وہ انتقال کرگیا۔
یاد رے کہ کم عمر بچوں کی شادی کرائے جانے پر پولیس نے کارروائی کی تھی، اس کارروائی میں دلہے اور دلہن کے والدین سمیت 20 باراتیوں کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ دلہے ایاز کو بھی پولیس اپنے ساتھ لی گئی تھی۔