اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی محکموں کو اقتصادی زونز کے قیام کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب اور خیبر پختون خوا میں قایم اقتصادی زونز کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعظم کو دونوں صوبوں میں قایم اقتصادی زونز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان، عمر ایوب، عبد الرزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ، صوبائی وزیر صنعت اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مشیر تجارت آلات اور مشینری پر ٹیکس چھوٹ کی رپورٹ فراہم کریں۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اقتصادی زونز کی تکمیل سے کاروباری برادری کو روزگار ملے گا۔
قبل ازیں، اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد منصوبہ دسمبر تک مکمل کیا جائے گا، قائداعظم اپیرل پارک اور بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ مارچ 2020 تک مکمل ہوگا، رشکئی اقتصادی زون کی تکمیل کا کام اگلے سال جون تک مکمل ہوگا۔
اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے کاٹیج بزنس ریذیڈنٹ پارکس کے قیام کی تجویز دی گئی، بریفنگ میں کہا گیا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ پنجاب کے 10 اضلاع سے شروع ہوگا، بتدریج اضافہ کر کے اس منصوبے کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ اس منصوبے سے مختلف شہروں کی مخصوص صنعتوں کو فرو غ حاصل ہوگا، خواتین کو اپنی ہی چھت تلے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔
دریں اثنا، وزیر اعظم کو پنجاب میں ہیلتھ سٹی کے قیام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے اسپتالوں میں استعمال درآمد آلات پر ٹیکس چھوٹ کی تفصیلات طلب کر لیں۔