لندن: غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف نامور برطانوی اداکارہ جولیٹ سٹیونسن نے اہم ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔
الجزیزہ کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ جولیٹ سٹیونسن نے ویڈیو پیغام میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی فوری طور پر بند کرے۔
جولیٹ سٹیونسن اگرچہ برطانوی حکومت نے اسرائیل کیلیے ستمبر میں کچھ ہتھیاروں کے لائسنس معطل کر دیے تھے لیکن وہ F-35 لڑاکا طیاروں کے پرزوں کی فراہمی کا لائسنس جاری رکھے ہوئے ہے جو 13 جولائی کو جنوبی غزہ میں گنجان آباد المواسی کیمپ پر مہلک حملوں میں استعمال کیے گئے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ جس بم نے تقریباً 90 فلسطینیوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا تھا وہ F-35 طیاروں سے ہی داغے گئے تھے، یہ جنگی طیارے امریکا، اس کے قریبی اتحادیوں اور خاص طور پر برطانیہ نے بنائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ F-35 کی تیاری اور حفاظت سے غزہ جنگ میں برطانیہ کا سب سے بڑا تعاون رہا تھا اور اب بھی ہے۔
جولیٹ سٹیونسن نے ویڈیو دیکھنے والوں پر زور دیا کہ گلوبل لیگل ایکشن نیٹ ورک اور فلسطینی انسانی حقوق کے گروپ الحاق کی جانب سے اسرائیل کو برطانیہ کے تمام ہتھیاروں کی فروخت کو معطل کرنے کی مہم کی حمایت کریں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہر دن اپنے ساتھ ایک نیا ظلم لاتا ہے، ہماری حکومت یہ دکھاوا نہیں کر سکتی کہ ایسا کچھ نہیں ہو رہا، برطانیہ کو جنگی جرائم کی مدد اور حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے۔