کراچی: برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے خوشخبری، برٹش ایئرویز نے اسلام آباد کے لیے پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز رپورٹ کے مطابق برٹش ایئرویز نے دو ماہ کی بندش کے بعد اسلام آباد کیلئے فلائٹ آپریشن ایک بار پھر بحال کردیا ہے، برٹش ائیرلائن 2 اگست سے لندن اور اسلام آباد کے درمیان براہ راست فلائٹس آپریشن شروع کریگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن نے برطانوی ائیرلائن کو پروازوں کی اجازت دے دی ہے، سول ایوی ایشن کی جانب سے دیے گئے اجازت نامہ کے مطابق برٹش ائیرویز کو ایروناٹیکل چارجز ادا کرنا ہونگے، جبکہ ایئرلائنز کو دیے گئے فلائٹ روٹس پر عملدرآمد کرنا لازمی ہوگا۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ ائیرلائن کو دوران پرواز جہاز میں جنگی سامان یا جاسوسی کے آلات رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، فلائٹ منسوخ یا تاخیر سے متعلق ائیرلائن انتظامیہ کو پیشگی اطلاع دینا ہوگی۔
خیال رہے کہ برٹش ایئرویز نے 2 ماہ قبل لندن اور اسلام آباد کے درمیان فلائٹس آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔