کراچی: برٹش ایئر ویز اسلام آباد کے بعد لاہور کے لیے بھی اپنا فضائی آپریشن شروع کرنے جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برٹش ایئر ویز کی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔لاہور ایئرپورٹ منیجر نے برطانوی وفد کو بریفنگ دی۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر سیکیورٹی نے برٹش ایئرویز کی ٹیم کو ایئرپورٹ پر انتظامات سے متعلق بھی بریفنگ دی۔برٹش ایئرویز کی ٹیم نے ایئرپورٹ اور ایئرپورٹ سے ہوٹل جانے و الے راستوں کی بھی مکمل جانچ کی۔
اے ایس ایف کی جانب سے برٹش ایئرویز کی ٹیم کو ایئر پورٹ پر نصب سیکیورٹی سسٹم سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برٹش ایئر ویز نے لاہور ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی سے بھی اجازت طلب کی ہے۔
ذرائع کے مطابق برٹش ایئر ویز اسلام آباد کے بعد لاہور کے لیے بھی اپنا فضائی آپریشن شروع کرنے جا رہی ہے۔
رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی، برٹش ہائی کمشنر
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں برٹش ہائی کمشنر نے سیکرٹری ایوی ایشن کو خط میں کہا تھا کہ رواں سال جون سے برٹش ایئر ویز اسلام آباد سے اپنا فضائی آپریشن شروع کرے گی۔
بعدازاں 2 جون کو برطانوی ایئر لائن برٹش ایئر ویز کی پرواز نےگیارہ سال بعد پاکستان کے لیے اڑان بھری، لندن سے طیارہ رات سوا نو بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا۔