اسلام آباد: برطانیہ نے 10 سال بعد پاکستان سے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ برٹش ایئر ویز نے 10 سال قبل 2008 میں پاکستان میں اپنا فلائٹ آپریشن معطل کردیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی سفارتی حکام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ برٹش ایئر ویز پاکستان سے دوبارہ پروازیں شروع کر رہا ہے۔
برطانوی سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن کی بحالی خوش آئند ہے، آئندہ سال جون سے فلائٹ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ برٹش ایئر ویز ہفتے میں 3 فلائٹ آپریٹ کرے گی۔
سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ڈیڑھ ملین لوگوں کی جڑیں پاکستان میں ہیں۔ پاک فوج اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں اور وزارت اطلاعات کو مبارکباد دیتا ہوں، فرانس کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری مثبت کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جو اقدامات ہو رہے ہیں اس سے پاکستان میں سیاحت میں اضافہ ہوگا۔ برطانوی حکام کی جانب سے پاکستان کے لیے مثبت رویے پر شکر گزار ہیں۔ برٹش ایئر ویز کی واپسی میں زلفی بخاری کا اہم کردار ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے، خوشی ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروازیں بحال کرنے پر برٹش ایئر ویز کے شکر گزار ہیں۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بھی سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے برٹش ایئر ویز کی پروازیں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
The dividends of decades long struggle of Pakistani nation and its security forces for restoration of peace and stability in the country are on the way. Thanks to @British_Airways for reviving its flight operations in Pakistan.@TomDrewUK#PeacefulPakistan#ہمیں_آگے_ہی_جانا_ہے
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) December 18, 2018
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی دہائیوں پر مبنی جدوجہد رنگ لانے لگی۔ پاکستان میں امن اور استحکام آرہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن بحال کرنے پر برٹش ایئر ویز کا شکریہ بھی ادا کیا۔