تازہ ترین

برطانوی آرمی چیف اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے

برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر پیٹرک سینڈرز پانچ روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے بعد پیدا ہونے والے بحرانوں پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پرگفتگو کریں گے۔

اسلام آباد میں برطانیہ کے ہائی کمیشن نے ایک غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ برطانوی آرمی چیف کا یہ دورہ، پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کے معاہدے کا حصہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے دورے کے دوران جنرل سینڈرز اپنی دیگر مصروفیات کے علاوہ پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ بھی خصوصی ملاقات کریں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ فوجی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

برطانیہ کے ہائی کمیشن نے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ دفاعی تعلقات میں پاکستان کے فوجی آفسران کو برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی، ایڈوانس کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس، رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں تربیت فراہم کرنا شامل ہے۔

ترجمان برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے فوجی تعلقات اور دوستی کی گہرائی اور گرمجوشی، جس کی بنیاد مشترکہ تاریخ اور ’لیونگ برج‘ ڈائیسپورا روابط ہیں، برطانیہ کی جانب سے بہت قدر کی جاتی ہے۔

Comments

- Advertisement -