جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

پاکستان میں برطانوی سفارتکار آبائی گھر کی تلاش میں فیصل آباد جا پہنچے، خوب آؤ بھگت

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان میں موجود برطانیہ کے سفارت کار پوان ڈھانڈے اپنے آبائی گھر کی تلاش میں فیصل آباد جا پہنچے خوب مہمان نوازی ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میں موجود برطانوی سفارت کار پوان ڈھانڈے کا اپنی والدہ کی جائے پیدائش فیصل آباد سے خصوصی لگاؤ ہے۔ ان کی والدہ پاکستان ملنے آئیں تو دونوں ماں بیٹا جائے پیدائش ڈھونڈنے کے لیے فیصل آباد پہنچ گئے۔

اس حوالے سے برطانوی سفارت کار پوان ڈھانڈے نے بتایا کہ میری والدہ کی پیدائش پاکستان کی ہے، ہمارے آباؤ اجداد کا گھر اس وقت لائل پور میں تھا جو اب فیصل آباد کے نام سے جانا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدہ کی جائے پیدائش کے لیے وہ اپنی ماں کے ساتھ فیصل آباد گئے اور والدہ کی جائے پیدائش والے گھر کی تلاش میں ہم مانکو، ڈجکوٹ پہنچ گئے۔

پوان ڈھانڈے نے بتایا کہ دوستوں اور خاندان کے اردگرد پوچھنے اور پاس موجود دستاویزات کو دیکھنے کے باوجود ہمیں ہمارے آبائی گھر کو تلاش کرنا مشکل تھا جو نہ مل سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وہ محلہ دیکھا جس کے بارے میں میری نانی نے ہمیشہ بہت پیار سے بات کی اور میری والدہ کی جائے پیدائش پر ہمیں ایک خاندان سے حقیقی پاکستانی مہمان نوازی ملی۔

برطانوی سفارت کار نے کہا کہ انہیں آبائی گھر تو نہ مل سکا لیکن یہ ایک خاص دن ضرور تھا جب پاکستانیوں کی بے انتہا محبت اور میزبانی ملی۔

پوان ڈھانڈے کا کہنا تھا کہ وہ مایوس نہیں ہیں وہ اپنے آبائی گھر کی تلاش میں دوبارہ فیصل آباد آئیں گے۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں