کراچی: معروف سابق برطانوی فٹبالر مائیکل اوون لیاری پہنچ گئے، ککری گراؤنڈ میں عوام نے انکا شاندار استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق لیاری میں فٹبال کی دیوانگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، فٹبال سے اس محبت کو دیکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر مائیکل اوون لیاری پہنچے جہاں ککری گراؤنڈ اسپورٹس کمپلیکس میں لوگوں کا جم غفیر انھیں دیکھنے امڈ آیا۔
لیور پول کے مایہ ناز فٹبالر ایمیل ہیسکی اور پاسکل چمبونڈا و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، ککری گراؤنڈ میں پی ایف ایل کے تحت فٹبال میچ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔
مائیکل اوون نے پرتپاک استقبال پر اہلیان لیاری سے اظہار تشکر کیا جبکہ اسٹار فٹبالر نے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
دریں اثنا سابق برطانوی سوکر پلیئر مائیکل اوون کے لیے برطانوی ہائی کمیشن میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مائیکل اوون نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے بھی ملاقات کی تھی اور فٹبال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔